حیدرآباد؛ یوم استحصال کشمیر پر اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی ریلی،شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے

2

حیدرآباد، 5 اگست (اے پی پی):  ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں  یوم استحصال منایا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ون حیدرآباد فرخ شہزاد اور  ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کی قیادت  میں شہباز بلڈنگ حیدرآباد سے ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جو کہ ٹھنڈی سڑک سے ہوتی ہوئی پوسٹ ماسٹر جنرل کے دفتر پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے  اختتام پر  خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے قرارداد کے مطابق کشمیری مسلمانوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے جبکہ بھارت اپنی طاقت کے ذریعے کشمیری بھائیوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرے،

۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے کہ وہ ایک ظالم اور جابر ملک ہے جو کہ بے قصور کشمیری بھائیوں پر ظلم کررہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد مرتے دم تک بھارت کے ایسے ناروا سلوک کے خلاف اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور وہ دن دور نہیں ہے کہ جب کشمیریوں کو بھارت کے مظالم سے نجات ملے گی، ہم بحیثیت پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد قائم اکبر نمائی، دیگر سماجی تنظیموں کے عہدیداران،مختلف اسکولوں کے طالب علموں  ، اسکاﺅٹس، اساتذہ اور عوام کی بڑی تعداد  نے شرکت کر کے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے تحریریں درج تھیں۔