حیدرآباد، 20 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات ،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن اور وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے حیدرآباد میں رین ایمرجنسی نگراں نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے سندھ بھر میں کافی نقصان ہوا ہے، حیدرآباد ضلع میں 3 دن میں250 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی ہے تاہم فوکل پرسن رین ایمرجنسی صوبائی وزیر جام خان شورو اور ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں نکاسی آب کا کام کافی بہتر ہوا ہے اور برساتی پانی کی مسلسل نکاسی کی جاتی رہی ہے۔
وہ آج ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کے ہمراہ تعلقہ سٹی حیدرآباد میں تلسی داس پمپنگ اسٹیشن کے دورہ کے موقع پرمیڈیا سے باتیں کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ کے وزراء،صوبائی مشیر اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے بارشوں کی صورتحال اور پانی کی نکاسی سمیت ریلف کے کاموں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے نشیبی و دیہی علاقوں میں صورتحال خراب ہے تاہم وہاں نکاسی آب کا کام جاری ہے اور پانی کی مکمل نکاسی تک کام جاری رہے گا ۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہاکہ سندھ بارشوں کی وجہ سے کاشتکاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عوام کے ساتھ ہیں اور چاہتے ہیں بارش متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں وفاقی حکومت بھی سندھ حکومت کا ساتھ دے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اس وقت سندھ بھر کے مختلف اضلاع کا دورہ کر کے بارشوں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہونیوالے نقصانات کا جائزہ لے کر اس کے ازالہ کے لیے اقدامات کریں گے۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کبھی بھی اپنے عوام کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی. ایک سوال پر صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹے میں حیدرآباد کی صورتحال کافی بہتر نظر آئے گی اس ضمن میں آج ایک اجلاس بھی منعقد کیا جا رہا ہے جس میں صورتحال کا جائزہ لے کر ضلع حیدرآباد کے آفت زدہ علاقوں کا اعلان کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان نیازی ایک منافق اور جھوٹا شخص ہے جو کہ ملک کے تمام اداروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ،نیازی چاہتا ہے کہ شہباز گل کی طرح اس پر ہاتھ نہ ڈالا جائے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اداروں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی میں کافی خامیاں ہیں عمران خان کیلئے بھی وہی قانونی طریقہ کار استعمال کیا جائے جس طرح دوسروں کیلئے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات حیدرآباد کے متعلقہ افسران کی لاپرواہی سے متعلق وہ وزیر اعلی سندھ کو آگاہ کریں گے ۔قبل ازیں صوبائی وزیر اطلاعات ،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے فتح چوک، محمدی چوک ، فقیر کا پڑ، تلک چاڑی سمیت دیگر مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفارسومرو کی بارشوں کے دوران برساتی پانی کی نکاسی کی کوششوں کو سراہا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دیگر علاقوں سے بھی برساتی پانی کی نکاسی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے ۔