لاہور ،21 اگست ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی، معاشرتی اور مذہبی اقدار کا حصہ ہے۔خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے، مغرب اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا،اللہ تعالیٰ نے ماں، بیٹی اور بہن جیسے عظیم اور خوبصورت رشتوں کا امین بنا کر عورت کو تقدس و احترام دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی خواتین اراکین قومی اسمبلی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کرسکتی، ماضی کی حکومتوں نے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کوئی مثبت اقدام نہیں اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو عزت، ترقی اور تحفظ دیں گے۔
اس موقع خواتین ایم این ایز نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے عوامی فلاح کے کاموں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ریسکیو1122آپ کا تاریخی فلاحی منصوبہ ہے،جس کی کوئی نظیرنہیں۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی وارڈز میں مفت ادویات کی فراہمی پرویزالٰہی کی عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے،میٹرک کے بعد اب گریجویشن تک مفت تعلیم کا اعلان پرویزالٰہی کا شاندارعلم دوست اقدام ہے،آپ نے مختصر عرصے میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مثالی اقدامات کیے،جس کے سب معترف ہیں۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں عندلیب عباس،کنول شوزب، عالیہ حمزہ ملک، ڈاکٹر نوشین حامد،رخسانہ نوید، منورہ، غزالہ سیفی،نصرت وحید، سائرہ ندیم،شنیلہ روتھ اورروبینہ جمیل شامل تھیں۔