رحیم یار خان؛ ڈپٹی کمشنر کا دریائے سندھ کے مختلف حفاظتی پشتوں اور حساس مواضعات کا دورہ،انتظامی اقدامات بارے معلومات حاصل کیں

19

رحیم یار خان،04 اگست(اے پی پی ):  ڈپٹی کمشنر نے دریائے سندھ کے مختلف حفاظتی پشتوں اور حساس مواضعات کا دورہ کیا۔انہوں نے موضع چاچڑاں شریف، موضع مڈ عادل، موضع چوہدری، سمکہ کا دورہ بھی کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے حساس مواضعات کے مکینوں سے ملاقات کی اور سیلابی صورتحال سمیت انتظامی اقدامات بارے معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خانپور الماس صبیح، ایس ای انہار عبدالواحد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل رحمن نے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا  نے کہا کہ دریائے سندھ سے نچلے درجے کا سیلابی ریلا بہہ رہا ہے،محکمہ آبپاشی حکام کے مطابق آج پانی کا بہاؤ4لاکھ81ہزار کیوسک متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ صبح سے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں کمی واقع شروع ہو جائے گی،تحصیل انتظامیہ، محکمہ آبپاشی اور امدادی ادارے ہمہ وقت چوکس اور حساس مقامات کی مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کسی بھی مقام پر ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں،دریائے سندھ کی قدرتی آبی گزرگاہ کے درمیان موجود آبادیاں جزوی متاثر ہوئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام دریائے علاقوں کے حساس مواضعات میں انتظامیہ کے ریلیف کیمپس قائم ہیں۔ ریلیف کیمپس مستند عملہ ادویات، کتے و سانپ کاٹے کی ویکسین اور دیگر ضروری آلات کے ہمراہ موجود ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر الماس صبیح نے کہا کہ  مواضعات کے مکینوں کا مکمل ڈیٹا تحصیل انتظامیہ کے پاس موجود ہے،  مکینوں نے اپنے خاندان اور قیمتی املاک کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر خانپور نے کہا کہ تحصیل انتظامیہ تمام افرادسے رابطہ میں ہے۔ایس ای انہار عبدالواحد نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی آمد 4لاکھ81ہزار کیوسک متوقع ہے،صبح سے  پانی کی مقدار میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کسی بھی مقام پر ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں، محکمہ آبپاشی دیگر اداروں کے ساتھ مل کر حساس مقامات اور مواضعات کی کڑی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔