سلطان آباد چترال کی منفرد خوبانی،جدید ٹیکنالوجی کے فقداں اور سڑکوں کی ابتر صورتحال کے باعث دنیا کی پہنچ سے دور

15

 چترال ، 12 اگست(اے پی پی ):سلطان آباد، وادی  آرکاری اور رباط کے درمیان ایک خوبصورت گاؤں ہے، یہاں ہر قسم کے پھل پھول اور  سبزیاں  اگتی ہیں تاہم یہاں کی خوبانی اپنی مخصوص ساخت، رنگ اور منفرد ذائقے کیلئے  بہت مشہور ہے ، مگر یہ ذائقہ دار اور میٹھے خوبانی چترال مارکیٹ تک بروقت اسلئے نہیں پہنچ پاتے کہ یہاں کی سڑکیں بہت خراب ہیں  اور اس طویل سفر کے بعد یہ خوبانی اکثر راستے ہی میں خراب ہو جاتے ہیں ۔

 مقامی لوگ روایتی طریقے سے ان خوبانیوں کو خشک کرتے ہیں جو اکثر خراب بھی ہوتے ہیں، یہ خشک خوبانی  ملک کے مختلف مارکیٹوں کو بھیجے جاتے ہیں  جو چمبور کہلاتے ہیں ، ان خشک خوبانیوں سے ایک خاص قسم کا شربت بھی بنایا جاتا ہے جو نہایت ذائقہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ صحت افزا  بھی ہوتا ہے، یہ  مقامی زبان میں چمبور روغ کہلاتا ہے،یہ شربت  پیٹ کو نرم رکھنے  کیلئے پیا جاتا ہے۔

مقامی لوگوں کا  مطالبہ  ہے کہ  ان خوبانیوں کو صحیح  طریقے سے  خشک کرنے کیلئے  ان کو فروٹ  پراسیسنگ پلانٹ یا جدید مشینیں   فراہم کی جائیں  تاکہ یہ خراب ہونے سے بھی بچ جائے۔

 یہاں کے  مقامی  افراد   حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں  کہ اس خوبصورت وادی  کی سڑکوں  کو بہتر کیا جائے  تاکہ یہاں بھی سیاح آ سکیں،سیاحت کو فروغ  دینے سے  یہ علاقہ بھی معاشی  طور پر ترقی کرسکے  گا۔