لاہور, اگست 23(اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت سموگ کی روک تھام کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکرٹری نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت دی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ جلانے اورماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی صنعتوں اورگاڑیوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ماحولیات، صنعت،زراعت، بلدیات کے محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ سموگ سے بچاؤ کیلئے اسے پیدا کرنے والے عوامل کو روکنا، احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور آگاہی بڑھانا ازحد ضروری ہے۔ سٹیل ملوں اور فیکٹریوں میں غیر معیاری ایندھن کے استعمال پر پابندی پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون کے ذریعے سموگ کی روک تھام کیلئے کام کریں۔ چیف سیکرٹری نے پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے انڈسٹریل یونٹس اور بھٹوں کی انسپکشنز کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کی ہدایت بھی دی۔ سیکرٹری ماحولیات نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سموگ پر قابو پانے کیلئے ایکشن پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ سٹڈی کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کے عوامل میں 43فیصد کا تعلق ٹرانسپورٹ، 25فیصد کا انڈسٹری، 12فیصد کا پاور اور 20فیصد کا زراعت کے شعبے سے ہے۔ رواں سال چار ہزار سے زائد انڈسٹریل یونٹس کی انسپکشن، 79مقدمات درج، 19افراد کو گرفتار اور 88یونٹس سیل کئے گئے۔ 11ہزار بھٹوں کی انسپکشن، 736مقدمات درج اور 19افراد کو گرفتار کیا گیا۔ 29ہزار دوسودھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی، سات ہزار مقدمات درج اور 17ہزارچھ سوگاڑیوں کو بند کیا گیا۔