سکھر؛بغیر ہیلمٹ اور سائڈ شیشے استعمال نا کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری

37

سکھر، 02 اگست(اے پی پی): آئی جی موٹر وے خالد محمود اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ فدا حسین مستوئی  کی خصوصی ہدایت کے بعد پورے ملک کی طرح سکھر سیکٹر  کے مختلف علاقوں میں ایس پی موٹر وے زاہد  نذیر وریاہ کی زیر نگرانی  روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے ایسے موٹر سائکل سواروں جو کے دوران سفر ہیلمٹ اور سائیڈ شیشے اِستعمال  نہیں  کرتے ہیں ان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر نے نیشنل ہائی وے پر بغیر ہیلمٹ اور سائیڈ شیشے استعمال نہ کرنے والے 8 ہزار  ایسے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 15لاکھ 60ہزار  روپے  کے بھاری جرمانے عائد کیے جبکہ ایسے 3ہزار موٹر سائیکلوں کو 24 گھنٹے کے لئے سیکٹر کے مختلف مقامات پر تحویل میں  لیا گیا، اس کے علاوہ ایسے 6 ہزار موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ یا سائڈ شیشوں کے استعمال نہ کرنے پر جرمانے کے ساتھ سخت تنبیہ بھی  کی گئی۔

اس  حوالے سے ایس پی  موٹر وے سکھر زاہد نذیر وریاہ کا کہنا  ہے کہ  روڈ سیفٹی سے متعلق عوام میں ٹریفک قوانین اور روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر کی مہم جاری ہے اور اس سلسلے  میں موٹروے پولیس کی موبائل ایجوکیشن یونٹ سکھر کو بھی پہلے سے زیادہ متحرک کردیا گیا ہے جن کے افسران مختلف علاقوں میں ہیلمٹ اور سائیڈ شیشوں کی افادیت، روڈ حادثات سے بچاؤ کے بارے میں عوام کو آگاہی دے رہے ہیں۔حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان کے شہروں سمیت مختلف مقامات پر روڈ حادثات میں چالیس ہزار اموات ہوئیں، جن میں ایک بڑی تعداد ایسے موٹر سائیکل سواروں کی بھی ہے، جنہوں نے ہیلمٹ اور سائیڈ شیشوں کا استعمال نہ کیا اور روڈ حادثات میں اپنی جانیں گنوائیں۔

ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر  کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار کو روڈ حادثات سے بچانے کے لئے سول سوسائٹی، میڈیا اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ایسے موٹر سائیکل سواروں کی  حوصلہ شکنی کریں  جو کہ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ اور سائڈ شیشوں کا استعمال نہیں کرتے ہیں اور جن کو روڈ حادثات میں جان کے ضیاع  کا خطرہ رہتا ہے۔

واضح رہے کہ نو موروائلیشن  اور نو مور ایکسیڈنٹ  کیمپئن کے تحت موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر  کی جانب سے کاروائیاں تا حکم ثانی جاری رہیں گی۔