گورنرپنجاب سے آسٹریلین ہائی کمشنر کی ملاقات،تعلیم ،تجارت اورماحولیات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

16

لاہور،2اگست  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے منگل کے روز گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنزنے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور با لخصوص تعلیم، تجارت اور ماحولیات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اس کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ آسٹریلیا کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے آسٹریلیا میں تعلیم کے شعبے میں پاکستانی طلبہ کو سکالرشپ دینے کے اقدامات کو سراہا۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں اقدامات اٹھائے ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لئے خواتین کی یونیورسٹیاں قائم کی گئیں جن کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں تمام دنیا کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہیں جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے آسٹریلین ہائی کمشنر کو آگاہ کیا کہ بطور چانسلر وہ ماحولیات پر کنسورشیم بنانے کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کنسورشیم کا مقصد جامعات میں ماحولیات پر کی گئی ریسرچ اور ماحولیات کے ماہرین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے۔

گورنر پنجاب نے آسٹریلین ہائی کمشنر سے پاکستانیوں کے لیے ویزہ پراسس کو تیز کرنے کے حوالے سے بھی بات کی۔آسٹریلین ہائی کمشنر نے اس حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔