سکھر؛ واپڈا یونین کے زیر اہتمام (جان ہے تو جہاں ہے) کے حوالے سے دن منایا گیا

18

سکھر،04 اگست(اے پی پی):  ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی (یوم شہداء) شہید لائن اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین سکھر کے زیر اہتمام سکھر میں بعنوان (جان ہے تو جہاں ہے) کے حوالے سے دن منایا گیا۔

اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سیپکو افسران  ایکسئین فہیم احمد بالکانی، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین سکھر کے رہنماؤں سید زاہد حسین شاہ ،شجاعت علی گھمرو،ولی محمد لغاری،نذر محمد میمن،خلیل احمد ڈومکی، جاوید عباسی،اشفاق احمد مہر سمیت ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ رہنماؤں و افسران نے محنت کش شہید لائن اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید لائن اسٹاف نے ملک و قوم کی خدمت کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کی لیکن افسوس ہے کہ شہداء کے لواحقین کو ابتک شہید کو دی جانیوالی مراعات سے محروم رکھا گیا ہے۔ افسران کو اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ،واپڈا کے محنت کش ملازمین ادارے  کا  قیمتی سرمایہ ہیں ۔ انہیں چاہئے کہ وہ دوران کام حفاظتی تدابیر استعمال کریں تاکہ ان کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں  کیونکہ جان ہے تو جہاں ہے۔ یوم شہداء کے موقع پر ہم اپنے شہداء لائن اسٹاف سے وعدہ کرتے ہیں ان کی شہادت کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا اور ان  کے لواحقین کے حقوق کیلئے ہر پلٹ فارم پر آواز بلند کریں گے ۔

  رہنماؤں نے مطالبہ کیا کے لائن اسٹاف کو دوران کام حفاظتی سامان مہیا کیا جائے اور ہمارے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں۔