راولپنڈی؛ ڈینگی کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے،چیئرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی

24

راولپنڈی،11 مئی (اے پی پی): چیئرمین کوآرڈینیشن کمیٹی راولپنڈی قمر الاسلام راجہ نے کہاکہ ڈینگی کی روک تھام  کیلئے  ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے،پہلے مرحلے میں ہائی رسک یونین کونسلز کو کلین سویپ کیا جائے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  ہفتہ کو یہاں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے دوسرے  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ قمر الاسلام راجہ نے  کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال کا فسٹ فلور، سیکنڈ فلور 15 مئی تک ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا جبکہ بیسمنٹ میں پتھالوجی لیب پر 80 فیصد کام مکمل کیا جاچکاہے، آئندہ سات دنوں میں ہولی فیملی ہسپتال کا بیسمنٹ بھی ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں تمام محکموں کی کارکردگی کے حوالے  سے بریفنگ لی گئی۔ اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، جن میں محکمہ صحت،ایجوکیشن،  پنجاب ریونیو اتھارٹی،  بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ، پولیس اور لائیوسٹاک شامل ہے۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ملک ابرار،  دانیال چوہدری، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ارکان صوبائی اسمبلی پنجاب  بلال یامین ستی، ملک افتخار، عمران الیاس، محسن خان،  راجہ حنیف ایڈووکیٹ،  ملک منصور اور راجہ صغیر احمد نے اجلاس میں شرکت کی۔