سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک آرمی اور ایف سی بلوچستان کا سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر  ریلیف اور ریسکیوآپریشن جاری

12

کوئٹہ،22 اگست(اے پی پی):سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک آرمی اور ایف سی بلوچستان کا آرمی چیف کی ہدایت کے مطابق سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر  ریلیف اور ریسکیوآپریشن جاری ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللّہ، زیارت، سنجاوی، نصیرآباد، جعفرآباد، قلات، ژوب، موسیٰ خیل، دُکی، لورالائی اور نوشکی میں موسلادھار بارش،پاک آرمی،ایف سی، پی ڈی ایم اے اور سول انتظامیہ ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں مصروف ہیں۔ پانی کے بہاؤ میں اضافے اور ڈیمز کے متاثر ہونے کے پیشِ نظر لوگوں کو ریلیف کیمپس اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ نصیر آباد اور دُکی میں متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے بعد  اُنکو تیار شدہ کھانا اورراشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ ضلع لسبیلہ میں بھی ہنگامی حالات کے پیشِ نظر 5مزید کیمپ قائم کئے جا رہے ہیں۔متاثرہ علاقوں میں پاکستان آرمی اور ایف سی کی جانب سے فری میڈیکل کیمپس کا انعقادبھی  کیا جا رہا ہے جن میں متاثرین کو مفت طبی امداد اور ادویات فراہم کی جا رہی  ہیں،ذرائع آمدورفت کی جلد بحالی کے لیے سول انتظامیہ اور پاکستان آرمی کی ٹیمیں خراب موسم میں بھی مصروفِ عمل ہیں،ژوب،ڈی آئی خان روڈ بحال کر دی گئی ہے اورچتھر، جھاو، بیلہ، جھل مگسی اور لک پاس کو پیدل آمدورفت اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ تمام بڑی شاہراہوں کو جلد از جلد کھولنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔پاک فوج اور ایف سی سیلاب میں پھنسے لوگوں کے ریسکیو اور ریلیف کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سول انتظامیہ کی بھرپور  مدد جاری رکھے ہوئے ہیں۔