اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا ایک اور جھوٹ بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اکسانے والوں کا سرغنہ ہے، وہ بار بار جھوٹ بول کر ممنوعہ فنڈنگ، ریاستی اداروں کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم اور دیگر کیسز میں کہانی، حقائق اور شواہد بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے فیک پروپیگنڈا شروع کیا، ملزم شہباز گل کا نام لگا کر سوشل میڈیا پر فیک ویڈیوز اور تصاویر چلائی جا رہی ہیں، ملزم شہباز گل کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے جس میں تحقیقات ہو رہی ہیں اور پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ شہباز گل پر جنسی تشدد ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں ملزم شہباز گل کی ایک گھنٹہ پہلے کی ویڈیو بھی میڈیا کو دکھائی جس میں ملزم شہباز گل ہشاش بشاش نظر آ رہے ہیں۔ ہفتہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پچھلے تین چار دن سے بغیر تحقیقات کے ایک پروپیگنڈا چل رہا ہے جس میں شہباز گل کا نام لگا کر سوشل میڈیا اور میڈیا پر فیک ویڈیوز اور تصاویر چلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنے کے عادی ہیں اور پروپیگنڈے میں صرف اور صرف جھوٹ بولا جا رہا ہے۔











