شہری آن لائن اپنی شکایات درج کرا کے نہ صرف ای ٹیگ نمبر حاصل کر سکتے ہیں بلکہ شکایات پر ہونے والی کاروائی بارے لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹ بھی لے سکتے ہیں: آئی جی پنجاب فیصل شاہکار

12

لاہور، اگست 23(اے پی پی): عوامی مشکلات کے فوری ازالے اور انہیں فوری ریلیف دینے کیلئے پنجاب پولیس نے دو نئی سروسز کا آغاز کر دیا۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پنجاب پولیس واٹس ایپ سروسز اور آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کا آغاز کیا گیا۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے پنجاب پولیس کی دونوں سروسز کا ڈیجیٹل افتتاح کیا۔  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس نے کہا کہ پنجاب پولیس نے شہریوں کو خدمات کی فوری فراہمی کیلئے واٹس ایپ سروس شروع کی ہے۔ پنجاب پولیس کا واٹس ایپ نمبر  1787 1787 033 ہے جس سے ہر شہری مستفید ہو سکتا ہے ۔ اس نمبر پر شہری ہیلو یا سلام لکھ کر بھیجیں تو پولیس کی 15 سروسز کی تفصیل سامنے آ جائے گی ۔  فیصل شاہکار نے کہا کہ معلومات کے حصول کیلئے شہریوں کو کسی دفتر جانے کی ضرورت نہیں بلکہ گھر بیٹھے اپنے موبائل سے ہی پولیس سروسز تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے پنجاب پولیس کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو بھی آن لائن کردیا گیا ہے۔  شہری آن لائن اپنی شکایات درج کرا کے نہ صرف ای ٹیگ نمبر حاصل کر سکتے ہیں بلکہ شکایات پر ہونے والی کاروائی بارے لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹ بھی لے سکتے ہیں ۔ اوورسیز پاکستانیوں کو بھی اس سروس کے تحت کہیں بھی بیٹھے معلومات مل سکتی ہیں۔  آئی جی پنجاب نے کہا کہ مستقبل میں مزید سروسز بھی اس میں شامل کی جائیں گی۔ شہریوں کی شکایات پر تاخیر سے ایکشن لینے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔