صوبائی وزیر روینیو سندھ مخدوم محبوب الزماں کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس مٹیاری میں رین ایمرجنسی کے دوران ریسکیو اور رلیف کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد

17

مٹیاری، 24 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر روینیو سندھ مخدوم محبوب الزماں کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس مٹیاری میں رین ایمرجنسی کے دوران ریسکیو اور رلیف کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بارشوں کے دوران سندھ میں جو تباہی ہوئی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی.  انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے احکامات پر وزیر اعلیٰ سندھ سمیت سندھ کابینہ اراکین صوبائی و قومی اسمبلی متاثرہ افراد کی امداد کے لئے اپنے اپنے علائقوں میں موجود ہیں.  انہوں نے کہا کہ بارشوں کے سبب بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے جس کا ازالہ ممکن نہیں تاہم حکومت سندھ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ضلع مٹیاری میں بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات سے متعلق بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد عدنان رشید نے بتایا کہ اس وقت مٹیاری ضلع مکمل طور پر متاثر ہے.  انہوں نے بتایا کہ تعلقہ سعیدآباد شدید متاثر ہوا ہے جس کی یونین کاؤنسل بھلیڈنو کاکا، بکھر جمالی، اگرو راہو سمیت درجنوں دیہات زیر آب ہیں جبکہ ہالا اور مٹیاری کے اکثر علائقے بھی پانی کے گھیرے میں ہیں، 50 ہزار سے زائد لوگوں نے نقل مکانی کی ہے، ڈہائی سے تین لاکھ افراد ڈائریکٹ متاثر ہوئے ہیں، پانی کھڑا ہونے کے باعث مزید گھر گرنے کا خطرہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی طور پر دس ہزار خیمے، دس ہزار راشن بیگ، دس ہزار مچھردانیاں اور نکاسی آب کے لئے 30 بڑی مشینیں ہنگامی طور پر درکار ہیں جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سے رابطہ کرکے مطلوبہ اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم محبوب الزماں کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث اتنی تباہی ہوئی ہے کہ اگر پورے صوبے کے وسائل ایک ضلع پر لگا دیں تو بھی کم پڑ جائیں گے، حکومت سندھ نے بارشوں کے سبب ہلاک ہونے والے افرادکے لواحقین کے لئے 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے، زراعت اور لائیو اسٹاک کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات جلد از جلد سروے کرکے پیش کرنے احکامات دیئے ہیں تاکہ کاشت کاروں کی بھی مدد کی جاسکے۔