فیصل آباد ،12اگست(اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ شہیدوں کے خلاف گھٹیامہم چلا کر عمران خان نے بہت غلط کیا ہے ، تنقید اور بغاوت میں بڑا فرق ہے ، عمران خان نواز شریف کے ساتھ اپنے کیسز کو نہ ملائیں،نواز شریف کو ناکردہ گناہوں کی سزا دی گئی جبکہ عمرا ن خان نے تمام جرم کئے ہیں ، بس اب سزا کا تعین ہونا باقی ہے،جس طرح لوگ اپنے محبوب سے ویڈیو کال کرتے ہیں اسی طرح عمران خان امریکی سفیر کو ویڈیو کال کرتے ہیں۔
جمعہ کی شام فیصل آباد میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں طلال چوہدری نے کہا کہ آنٹی پنکی پیرنی کو مبارک ہو “ارسلان بیٹا “وزیر بن گیا ہے وہ جوسوشل میڈیا پر سارا سارا دن لوگوں کو گالیاں دیتا اورفوج کے خلاف مہم چلاتا تھا اسے پرویز الٰہی کا وزیر بنادیا گیا ہے اس پرویز الٰہی کا جو کہتے ہیں کہ مجھے فوج سے بہت پیار ہے لہٰذا قوم ان سے پوچھنا چاہتی ہے کہ کیا اسی کو پیار کہتے ہیں کہ ایک طرف ایک شخص ملکی اداروں کے خلاف منظم مہم کے تحت زہر اگل رہا ہو اور دوسری طرف اسے وزیر بنادیاجائے یہ کیا منافقت ہے؟انہوں نے کہا کہ جس حکومت میں افواج پاکستان کے خلاف ٹرینڈ چلانے، مخالفین کو گالیاں نکالنے، لوگوں میں غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے والے کو صرف اور صرف آنٹی پنکی پیرنی کی خوشنودی کیلئے وزیر بنادیا جا ئے اس حکومت کی ذہنی و اخلاقی گراوٹ کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ اب تو ان کی جماعت سے تعلق رکھنے والے صدر پاکستان بھی تسلیم کرچکے ہیں کہ فارن فنڈنگ کے پیسے لئے گئے ہیں تو اب عمران خان کس منہ سے خودداری، امریکہ کی غلامی سے نجات اور امریکہ سے آزادی کے نعرے لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے ان کے لوگوں سے پیسے لیتے رہے ہیں اور وہ عمران خان جو روزانہ امریکی برانڈ کی نئی ٹی شرٹ پہن کر امریکہ کے خلاف خود بھاشن دیتا ہے وہ اندر کھاتے امریکہ سے تعلقات بہتر کرنے کیلئے سر توڑ کوششیں کررہاہے یہی نہیں بلکہ اس نے اسی امریکی، بھارتی، اسرائیلی پیسے سے امریکہ میں لابنگ کیلئے فرم ہائر کی ہے تاکہ اس کی معافی تلافی ہوسکے،اس نے اپنی چاروں حکومتوں بشمول کے پی کے، پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو کہا ہے کہ جیسے بھی ممکن ہو اس کے امریکہ سے تعلقات بہتر کروائے جائیں اسی لئے کے پی کے حکومت نے امریکیوں کا ریڈ کارپٹ ویلکم کیا اور پرویز الٰہی روزانہ اٹھ کر صبح امریکی سفیر کو گڈ مارننگ کہتے ہیں لہٰذا یہ منافقت اور دوہرا طرز عمل عوام کو مزید بیوقوف نہیں بناسکتا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ جس طرح کوئی اپنے محبوب کواسلئے ویڈیو کال کرتا ہے کہ صرف آواز سے اس کے دل کی تسلی تشفی نہیں ہوتی اسی طرح عمران خان بھی امریکی سفیر کو ویڈیو کال کرتے اور منت سماجت کرکے معافی تلافی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اب بار بار نواز شریف کا نام لیکر انہیں اپنی جانب راغب کرتے ہوئے این آر او لینا چاہتا ہے اور کبھی کہتا ہے کہ نواز شریف نے یہ کہا، کبھی کہتا ہے کہ مریم نواز شریف نے یہ کہا اور کبھی کہتا ہے کہ فضل الرحمن نے یہ کہا لیکن ہم اسے یہ بتانا چاہتے ہیں کہ وہ جائز تنقید کرتے تھے مگر تنقید اور بغاوت میں بہت فرق ہوتا ہے لہٰذا نواز شریف کی تنقید کو بغاوت سے نہ جوڑا جا ئے کیونکہ انہوں نے شہدا کے خاندانوں کو ہمیشہ سینے سے لگایا اور انہیں اعزازات سے نوازتے ہوئے ان کی اشک سوئی کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے کیسوں کو نواز شریف کے کیسوں کے ساتھ مت ملائیں کیونکہ نواز شریف کو صرف ناکردہ گناہوں کی سزا دی گئی مگر آپ نے تو سنگین جرم کئے ہیں جو ثابت بھی ہوچکے ہیں بس اب سزا کا تعین ہونا باقی ہے۔