عمران خان میں ہمت، جرات اور حوصلہ ہے تو بتائیں کون سی ایجنسیوں اور لوگوں نے انہیں مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے بارے میں بریفنگز اور رپورٹس دیں؟، چیف الیکشن کمشنر کی گارنٹی کس نے دی؟ وہ ہر ادارے میں جاوید اقبال چاہتے ہیں، مریم اورنگزیب

3

اسلام آباد۔19اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان میں ہمت، جرات اور حوصلہ ہے تو بتائیں کون سی ایجنسیوں اور لوگوں نے انہیں مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے بارے میں بریفنگز اور رپورٹس دیں؟، چیف الیکشن کمشنر کی گارنٹی کس نے دی؟ اداروں کے بیرونی سازش کے جھوٹے بیانیہ میں ساتھ دینے سے انکار پر عمران خان ان کے خلاف ہوگئے، عمران خان ہر ادارے میں ایک جاوید اقبال چاہتے ہیں، عمران خان ملک میں تماشہ لگانا بند کریں، انہوں نے 22  سال غلط بیانی کر کے سیاست کی، عمران خان سے جب بھی سوال پوچھا جائے وہ جواب نہیں دیتے، وہ کہتے ہیں کہ میں کسی قانون کے آگے جواب دہ نہیں۔ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ  عمران خان دوسروں کو چور اور اپنے آپ کو فرشتہ ثابت کرتے رہے، انہوں نے 22 سال تک اسلامی ٹچ کے ذریعے سیاست کرنے کی کوشش کی، عمران خان کی ہر بات میں منافقت، جھوٹ، ڈرامے بازی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے کل میڈیا سیمینار میں کہا کہ انہیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے بارے میں ایجنسیاں بریفنگ دیتی تھیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے چیف الیکشن کمشنر کے بارے میں بھی ایجنسیوں نے گارنٹی دی تھی  تو عمران خان بتائیں کہ انہیں کون سی ایجنسی اور کون شخص رپورٹیں اور بریفنگ دیتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ڈرامے، تماشے، نوٹنکی اور جھوٹ بولنا بند کریں، اگر ان میں ہمت، حوصلہ اور جرات ہے تو نام بتائیں کون سی ایجنسی کا کون سا بندہ انہیں پی پی پی اور ن لیگ کے بارے میں رپورٹس بھیجتا اور بریفنگ دیتا تھا، کس نے آپ کو چیف الیکشن کمشنر کے بارے میں گارنٹی دی تھی؟۔ انہوں نے کہا کہ کیا عمران خان کو فارن ایجنٹ اور پاکستان تحریک انصاف کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر نہ کرنے کی گارنٹی دی گئی تھی؟۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان سے سوال پوچھیں تو وہ جواب نہیں دیتے، وہ کہتے ہیں کہ کوئی قانون ان سے جواب اور ریکارڈ نہیں لے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن عمران خان سے سوال کرے تو وہ جواب نہیں دیتے، نیشنل کرائم ایجنسی ان کے الزامات پر ثبوت مانگے تو کہتے ہیں کہ ان کے پاس شہباز شریف کے خلاف ثبوت نہیں ہیں، لاہور ہائی کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ عمران خان سے ان کے لگائے گئے الزامات پر ثبوت مانگیں تو وہ کہتے ہیں کہ میرے پاس جواب نہیں، ایف آئی اے، اپوزیشن، میڈیا، پارلیمنٹ ان سے سوال پوچھے تو وہ کہتے ہیں میں جواب نہیں دوں گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم نواز شریف اپنی بیٹی کے ساتھ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جھوٹے الزامات کی بنیاد پر جواب دیتے رہے، جج ارشد ملک نے سب کچھ بتا دیا تھا، ان کو معلوم تھا کہ نواز شریف پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے تھے، نواز شریف نے جواب دیا تھا، انہیں پتہ تھا کہ انہوں نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف کے خلاف کوئی ادارہ اور کوئی دوست ملک نہیں چھوڑا، عمران خان نے ایف آئی اے، این سی اے میں جا کر جھوٹے ثبوت پیش کئے، ڈیوڈ روز کو بلا کر جھوٹے ثبوت دیئے، جس عدالت میں نیب کے کیسز پیش ہوئے، عمران خان نے کوئی ثبوت نہیں دیا، وہ ایک الزام کا ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ بنا کر عمران خان نے لوگوں کی پگڑیاں اچھالیں، 22 سال تک وہ لوگوں پر الزامات عائد کرتے رہے، انہوں نے اپنے دور میں جھوٹے الزامات لگا کر لوگوں کی بیٹیوں، بہنوں اور مائوں کو گرفتار کیا، سزائے موت کی چکیوں میں رکھا اور اب کہہ رہے ہیں کہ مجھے ایجنسیاں کہتی رہیں کہ یہ چور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں احتساب کے نام پر بہت بڑا مذاق کیا ہے، وہ میڈیا کے بھی دشمن رہے ہیں، میڈیا سیمینار کر کے میڈیا کی آزادی کے دشمن بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بے گناہوں کو جیلوں میں رکھا اور آج کہتے ہیں کہ مجھے نہیں پتہ تھا، مجھے ایجنسیاں بریفنگ دیتی تھیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف پانامہ کا جال بچھایا گیا، انہیں سسیلین مافیا اور گارڈ فادر کہا گیا اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تین بار کے منتخب وزیراعظم کو نکالا گیا۔