لاہور ، اگست 2(اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ فیصلہ سے پی ٹی آئی والے جھوٹے اور مکار ثابت ہوئے ہیں، عمران خان کا جرم ثابت ہو چکا ہے بس سزا کا تعین باقی ہے ۔
منگل کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ خان صاحب تلاشی نہیں دیتے رہے کیونکہ ایک جیب میں اسرائیلی دوسری میں بھارتی پیسہ تھا، عمران خان کی جیب کی تلاشی میں آٹھ سال لگے ہیں ،خان صاحب کے اکائونٹ میں ملین ڈالر آتے رہے لیکن انہیں پتہ ہی نہیں تھا، ہزار دو ہزار روپے نہیں 13اکائونٹس چھپائے گئے۔انہوں نے کہا کہ محمدنوازشریف نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اور نااہل ہوگئے ،ان کے حواری کہیں گے بھارت کاسرب ناتھ سنگھ عمران خان کاخالو تھا،عمران خان کی تلاشی سے 13اکائونٹس نکلے ہیں،فارن فنڈنگ کے پیسے سے دھرنا اور علیمہ کے فلیٹ سے گھر تک چلتے رہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ایک سماعت میں یہ کیس اڑ جائے گا،خان صاحب فارن فنڈنگ کسی مسجد کا اکائونٹ کا کیس نہیں ، آپ کے اکائونٹس میں ایک ہزار نہیں کئی ملین ڈالرز آئے ہیں، آپ کا جرم ثابت ہو چکا ہے صرف سزا کا تعین باقی ہے ،عمران خان کی تاحیات نااہلی ، عمر قید یا اس سے زائد سزا ہونی ہے۔











