پشین، 18اگست ( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر پشین ظفر علی محمد شہی نے اسسٹنٹ کمشنر برشور محمد حنیف نورزئی , سابق صوبائی وزیر اسفندیار خان کاکڑ اور دیگر کے ہمراہ تحصیل برشور میں حالیہ طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تحصیل برشور کے علاقے مندوزئی , شابیزئی ,وچہ اسماعیل زئی , کلی شاخہ اسماعیل زئی میں سیلابی ریلوں سے متاثرہ دیہاتوں میں باغات اور گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ظفر علی محمد شہی نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ نے طوفانی بارشوں کے دوران پورے ضلع پشین میں کسی بھی غیر ممکنہ صورتحال کے پیش نظر تمام محکموں اور امدادی اداروں کو الرٹ کرتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کئے۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں کے آغاز سے اب تک اپنے علاقے کے عوام کی خدمت کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔ انہوں نے علاقے کے عوام کو یقین دلایا کہ عوام کی خدمت اور فلاح کیلئے کوئی بھی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کیا جائیگی۔