فیصل آباد ، 22 اگست (اے پی پی):فیصل آبادمیں پیر کے روز سے اینٹی ڈینگی ویک کا آغازہوگیااور ویک کے پہلے روزآگاہی سیمینار و واک کا انعقادکیا گیاجبکہ اس حوالے سے 27اگست تک ضلعی محکموں کے زیر اہتمام متعددآگاہی ایونٹس منعقد کئے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام آگاہی سیمینارمیٹروپولیٹن کارپوریشن ہال میں منعقدکیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ تھے جبکہ سیمینار کے اختتام پر واک بھی منعقد ہوگی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرنے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کی ضرورت پر زوردیااور کہا کہ وہ کسی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں اور برتنوں،فریج کی ٹرے،کولر کے پانی فوری صاف کیا جائے تاکہ لاروا کو افزائش کا موقع نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹراوراینٹامالوجسٹ مختلف علاقوں کا دورہ کرکے ان ڈور اورآؤٹ ڈور سرویلنس پر عملدرآمد کو چیک کرنے سمیت دفاتر، شاپنگ سنٹرز اورگھروں کے اندر جاکر بھی ڈینگی لاروا کی پیدائش وافزائش کے ممکنہ مقامات کو باریک بینی سے چیک کررہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے بتایا کہ سرویلنس ٹیموں کو تاکید کی گئی ہے کہ ذمہ دارانہ انداز میں سرویلنس کا عمل جاری رکھاجائے اور کوئی جگہ نظروں سے اوجھل نہیں ہونی چاہیے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں ڈپٹی کمشنر نے تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ڈینگی لاروا کے ہاٹ سپاٹس کو اپ گریڈ اور گزشتہ سالوں کے ڈینگی کیسزکے کیس رسپانس کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے تمام ضلعی محکموں کے سربراہان کو دفاتر کی چھتوں کو صاف کرنے اورٹینکیوں پر فوری ڈھکن لگوانے کی تاکید کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اینٹامالوجسٹس اور اینٹی ڈینگی ٹیموں کو فیلڈ میں متحرک انداز میں سرویلنس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بعض محکموں کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کام چور افسران کی ضلع میں کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے ہفتہ میں دو اجلاس منعقد کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ڈینگی لاروا کی انسدادی کارروائیوں میں غفلت یا لاپروائی قطعا ًبرداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذوالقرنین نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کے نتائج اور اینڈرائیڈ موبائل فون یوزرز کی ایکٹویٹی سے تفصیلی آگاہ کیا۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمن اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔