فیصل آباد،22 اگست (اے پی پی):فیصل آباد پولیس نے گاڑیاں اور موٹر سائیکل چوری کرنیوالے5گینگ گرفتار کر لئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 4کروڑ 48لاکھ 5سو روپے مالیت کی 32کاریں اور 93موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
پولیس لائن میں پریس بریفنگ کے دوران ریجنل پولیس آفیسرمعین مسعود، سٹی پولیس آفیسر عمر سعید ملک کی موجودگی میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن اجمل خان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد پولیس نے کارروائی کرکے بین الاصوبائی کار چوری،موٹرسائیکل چوری کے پانچ گینگ عبدالشکور عرف شکوری گینگ،شکیل گینگ،طاہر عباس گینگ،اسد گینگ اور کاشف عرف کاشی گینگ کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 32عدد چوری شدہ کاریں جن کی مالیت 3,70,35,000روپے اور 93عدد موٹرسائیکلیں جن کی مالیت 77,68,500کی برآمدکی گئیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سٹی پولیس آفیسر ملک عمرسعید نے ضلع فیصل آباد میں بڑھتی ہوئی کار چوری،موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ کے باعث سی آئی اے اینٹی وہیکل لفٹنگ کو ملزمان کی سرکوبی اور مسروقہ کاریں و موٹرسائیکلز کی برآمدگی کیلئے خصوصی ٹارگٹ دیا جس کو حاصل کرنے کیلئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر نگرانی انچارج اینٹی وہیکل لفٹنگ فیصل آباد و دیگر افسران و ملزمان پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے شبانہ روز محنت کرکے سی ڈی یو برانچ کی معاونت سے ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کے مختلف علاقوں لنڈی کوتل،پشاور،ڈیرہ اسمائیل خاں،ژوب،قلعہ سیف اللہ،شکار پور،سکھر،کراچی،ملتان،کبیر والا اور لاہور گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔
سٹی پولیس آفیسر ملک عمرسعید نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے کاریں،موٹرسائیکلزچوری کرنے والے آلات،کاروں کے کمپوٹرز اور ماسٹر کیز بھی برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا گیا جن میں سے اکثر ریکارڈ یافتہ عادی مجرمان پائے گئے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک فیصل آباد پولیس اب تک مجموعی طور 14گینگز کے 49ملزمان کو گرفتار کرکے 127ملین روپے مالیت کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کی ہیں۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسرمعین مسعود نے کہا کہ اللہ کی مہربانی اور پولیس کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کی کاوشوں سے گینگز کو گرفتار کیا گیا،فیصل آباد پولیس اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
سٹی پولیس آفیسر نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفیکٹس اور ایک لاکھ روپے کی رقم نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔