قومی اسمبلی نے نشہ آور اشیاء کی روک تھام (ترمیم دوئم) بل، تشدد و تحویلی ہلاکت (انسداد و سزا) 2022ء بل کی منظوری دے دی

37

اسلام آباد،1اگست  (اے پی پی):قومی اسمبلی نے نشہ آور اشیاء کی روک تھام (ترمیم دوئم) بل 2022ء  اور تشدد و تحویلی ہلاکت (انسداد و سزا) 2022ء بل کی منظوری دے دی ہے۔

  پیر کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے تحریک پیش کی کہ نشہ آور اشیاء کی روک تھام (ترمیم دوئم) بل 2022ء سینٹ کی جانب سے ترامیم کے ساتھ زیر غور لایا جائے۔ تحریک کی منظوری کے بعد ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے بل کی تمام شقوں کی ایوان سے منظوری حاصل کی جس کے بعد وفاقی وزیر نے تحریک پیش کی کہ بل منظور کیا جائے۔ قومی اسمبلی نے نشہ آور اشیاء کی روک تھام (ترمیم دوئم) بل 2022ء کی منظوری دے دی۔

وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمان کانجو نے تحریک پیش کی کہ تشدد و تحویلی ہلاکت (انسداد و سزا) 2022ء بل فی الفور زیر غور لایا جائے، ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد بل کی شق وار منظوری کا عمل شروع ہوا جس میں حسین طارق نے ترامیم پیش کیں جو ایوان کی منظوری سے بل میں شامل کرلی گئیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمان کانجو نے تحریک پیش کی کہ تشدد و تحویلی ہلاکت (انسداد و سزا) 2022ء بل کو منظور کیا جائے۔ قومی اسمبلی نے بل کی منظوری دے دی۔

  پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے ساتھ ایجنڈے میں شامل بعض امور نمٹائے گئے۔ بعد ازاں ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے صدارت کرتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس  کل(منگل )کی سہ پہر چار بجے تک ملتوی کردیا  ہے۔