قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے زیر التوا کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے ؛ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے مشیر سید ذاکر حسین کی نادرا حکام کو ہدایت

5

کراچی،4اگست  (اے پی پی):وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے علاقائی دفتر کراچی کے مشیر سید ذاکر حسین نے نادرا حکام کو ہدایت کی ہے کہ قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے زیر التوا کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

سید ذاکر حسین نے جمعرات کے روز اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور فوکل پرسن فار میڈیا تقی محمد سومرو کے ہمراہ نادرا میگا سینٹر نارتھ کے دورہ کے دوران کارڈ اور دیگر دستاویزات کے حصول کے لئے آنے والے شہریوں کے لئے مناسب انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کارڈ حاصل کرنے کے لیے سینٹر آنے والے درخواست دہندگان کو مرکز کے باہر قطار میں کھلے آسمان تلے انتظار کرنا پڑتا ہے اور ان کی سہولت کے لیے کوئی مناسب انتظامات نظر نہیں آتے۔

وفاقی محتسب کے مشیر نے رجسٹریشن، ڈیٹا انٹری، تصدیق، کارڈز اور دیگر دستاویزات کے اجرا کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے میگا سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرکز میں موجود درخواست گزاروں سے بات چیت کی اور ان سے فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔

 سید ذاکر حسین نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ وفاقی محتسب نادرا کے مشیروں کے دوروں کے بعد ان کے تمام کائونٹرز کو آپریشنل کر دیا گیا ہے اور درخواست دہندگان کے انتظار کا وقت کم ہو گیا ہے۔

نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کراچی ساجد عزیز اعوان، میگا سینٹر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شیراز کلوڑ اور اتھارٹی کے فوکل پرسن برائے وفاقی محتسب فرحان بھٹی نے مشیر کو سینٹر سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ میگا سینٹر نارتھ بزرگ شہریوں اور معذور افراد کو خصوصی ترجیح دیتے ہوئے درخواست دہندگان کو سی این آئی سی، فارم بی، ایف آر سی اور دیگر رجسٹریشن کارڈز اور دستاویزات کے لیے چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کر رہا ہے جبکہ مرکز میں ماہانہ بنیادوں پر تقریبا 45 ہزار درخواست دہندگان کو خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ نادرا نے درخواست دہندگان کی شکایات کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم قائم کیا ہے اور ایسی شکایات پر فوری قدم اٹھایا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سہولیات کی بہتر اور تیزتر فراہمی کی وجہ سے نادرا پر صارفین کے اطمینان کا تناسب 80فیصد سے زیادہ ہے۔