اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای)پاکستان کا قابل اعتماد اور دیرینہ ساتھی ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، متحدہ عرب امارات سے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے متاثرین کیلئے امدادی سامان کی دوسری کھیپ پہنچ گئی ہے، سیلاب متاثرین کی امداد کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وہ پیر کو یہاں نور خان ایئربیس پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھیجی گئی امدادی سامان کی دوسری کھیپ کی وصولی کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ امدادی کھیپ میں خیمے، کمبل، خوراک سمیت دیگر اشیاء ضروریہ بھی شامل ہے۔ وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے یہ امدادی سامان وصول کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہمارا قابل اعتماد اور دیرینہ ساتھی ہے جس نے معاشی، دفاعی سمیت مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، طوفان، زلزلہ، قدرتی آفات سمیت ہر قسم کی مشکل گھڑی میں متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام نے بڑھ چڑھ کر ہمارا ساتھ دیا ہے، گذشتہ روز بھی ایک خصوصی طیارے میں امدادی سامان آیا، آج پھر ایک اور طیارہ یہاں پہنچا ہے جبکہ آنے والے دنوں میں مزید امداد آئے گی، اس کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات پاکستان سے خرید کر بھی امدادی سامان متاثرین کیلئے مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے عوام، حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں جبکہ دنیا بھر سے مدد کیلئے آنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔