مری،25 اگست (اے پی پی): ملکہ کوہسار مری میں مون سون شجر کاری مہم زوروشور سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں فارسٹ ڈیپارٹمنٹ اورمری میڈیا کے باہمی اشتراک سے میڈیاشجر کاری ڈے منایا گیا، فاریسٹ ریسٹ ہاؤس کے احاطہ کے سبزہ زار میں مری میڈیاپرسن نے بارش کے باوجودبڑی تعداد میں پودے لگائے جبکہ محکمہ فارسٹ اور سول سوسائٹی نے بھی شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔
شجر کاری مہم کی شعور اور آگہی کے لئے فاریسٹ ریسٹ ہاؤس کے اطراف میں بینزز آویزاں کئے گئے تھے جس میں درختوں کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کیا گیا۔شجر کاری مہم میں فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور سول سوسائٹیز نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایک بریفنگ میں میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ مون سون شجر کاری مہم میں چھ لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، ان چھ لاکھ پودوں کو مختلف سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں تقسیم کر دیا گیا ہے جن میں عسکری و تعلیمی ادارے، صحافتی تنظیمیں، ٹی ایم اے و فارسٹ ڈیپارٹمنٹ، سول سوسائٹیز ودیگر ادارے شامل ہیں ۔