ملتان؛شدید بارشوں کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش کے خطرات بڑھنے لگے،ڈبلیو ایم سی کیجانب سے آگاہی واک کا انعقاد

15

ملتان،25 اگست (اے پی پی ): شدید بارشوں کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش  کے خطرات بڑھنے لگے، حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام سرکاری ادارے انسداد ڈینگی کے لئے متحرک ہو گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے تمام محکموں کو ڈینگی کے خلاف سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کیجانب سے  ڈینگی آگاہی بارے گھنٹہ گھر چوک میں ریلی نکالی گئی ،ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمدطاہر وٹو نے کی اور سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی  امیرحسن اور اے ڈی سی  جی رضوان نذیر بھی ہمراہ تھےشہریوں میں ڈینگی بارے احتیاطی تدابیر پر مبنی بروشر بھی تقسیم کئے گئے۔

 ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خاتمہ کے لئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، تمام سرکاری محکمے اور شہری مل کر ڈینگی پر کنٹرول حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی بارے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے شہریوں پر ڈینگی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ گھروں، دکانون اور مارکیٹوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیاجائے ، کھلی جگہ پر کاٹھ کباڑ اور پرانے ٹائر نہ رکھیں اور  سرکاری محکمے ڈینگی سرویلنس میں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔انہوں نے کہا ڈینگی سرویلنس  کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 سی ای او امیرحسن نے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انسداد  ڈینگی مہم کو فرنٹ سے لیڈ کرے گی، شہری گلیوں اور  مارکیٹوں میں ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے تعاون کریں ۔انہوں  نے کہا کہ شہری صفائی بارے شکایات کمپنی کی ہیلپ لائن 1139 پر درج کرائیں۔

واک میں سیکٹر آفیسرز اور کمپنی ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ کمپنی ایگزیکٹیوز، منیجرز،ڈپٹی منیجرز اور اسسٹنٹ منیجرز بھی واک میں شریک ہوئے۔