ملتان ، 22 اگست (اے پی پی ): ڈینگی کے تدارک، روک تھام اور عوام میں شعور بیدار کرنے کے حوالے سے محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں ڈینگی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ نشتر ہسپتال گیٹ نمبر 3 سے نشتر چوک تک ہونے والی واک کی قیادت سیکریٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال نے کی۔
واک میں ایڈیشنل سیکرٹریز شاہد عباس جوئیہ، مزمل بشیر، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد، ایم ایس نشتر ڈاکٹر امجد چانڈیو، سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر سید علی مہدی، ہیلتھ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان کے افسران و ملازمین، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سیکریٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ڈینگی بخار کی ایک وائرل بیماری ہے جو کہ ایک مخصوص مچھر Aedes Aegypti کے کاٹنے کی وجہ سے ہوتی ہے آج کی واک کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو ڈینگی وائرس بارے آگاہی دینا ہے۔ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ کسی بھی جگہ پر پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے تاکہ ڈینگی لاروا پرورش نہ پا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈینگی سرویلنس میں تیزی لائی جارہی ہے اور تمام سرکاری محکموں کو ڈینگی سرویلنس بارے اپنا فعال کردار ادا کرنیکی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام سٹیک ہولڈرز مل کر ہی ڈینگی کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ ڈینگی بارے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جارہی ہے۔
سیکریٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال نے کہا کہ ڈینگی بخار میں مبتلا شہریوں کو سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اس موقع پر نشتر ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کے حوالے سے کیے گئے انتظامات بارے بتایا اور شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی۔
سیکریٹری ہیلتھ اور دیگر افسران نے شہریوں میں ڈینگی بارے آگاہی پر مبنی پمفلٹ بھی تقسیم کیے ۔