ملتان، 30 اگست (اے پی پی ): انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمودکےویژن کےمطابق ڈپٹی انسپکٹرجنرل موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید کی ہدایت پر شیر شاہ انٹرچینج پر فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔جس میں سینکڑوں مریضوں کی شوگر، بلڈ پریشر،ہیپاٹائٹس اور آنکھوں کا فری چیک اپ کیا گیاجس میں مریضوں کو ادویات اور نظر کی عینکیں فری دی گئیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل شاہد جاوید نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کیطرف سے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کیلئے تشکیل دی گئی ٹیمیں جو کہ تونسہ ،راجن پور،روجھان اور کشمور میں سیلاب زدگان کی امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں ان کیطرف سے کئے گئے سروے کے مطابق سیلاب زدہ علاقے میں میڈیکل کی ٹیموں کی ضرورت کو محسوس کیا جس کے پیش نظر پہلا میڈیکل کیمپ شیر شاہ انٹر چینج پر لگایا گیا کیونکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں جنوبی پنجاب،سندھ سے لوگ بہت زیادہ تعداد میں سنٹرل پنجاب کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔گیٹ وے ہونے کیوجہ سے یہاں سے لوگوں کی سکریننگ کی جارہی ہے اور متاثرہ افراد کو ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔
سیکٹر کمانڈر ایم فور عاطف چوہدری نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں انسانی خدمت کے جزبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے ہم سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کام کر رہے ہیں، علاج معالجے کیلئے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کرنے کیلئے سروے کر لئے ہیں اور میڈکل کی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں تاکہ اس مشکل گھڑی میں متاثرین کی مدد کی جا سکے۔