ملک کو آزاد ہوئے 75 سال ہو گئے لیکن عمران خان کوآزادہونے کایقین نہیں آرہا، وہ دوسروں کو چور اور غدارکہتے ہیں؛وزیرمملکت مصدق ملک  

11

اسلام آباد،11اگست  (اے پی پی):وزیرمملکت برائےپٹرولیم مصدق ملک نے کہاکہ ملک کو آزاد ہوئے  75 سال ہو گئے لیکن عمران خان کوآزادہونے کایقین نہیں آرہا، وہ دوسروں کو چور اور غدارکہتے ہیں،  کے الیکٹرک کو 3 ملین پائونڈ لے کر ایک ارب ڈالرکافائدہ پہنچانے والا  اور ملک ریاض کو 450 کنال زمین لے کر 250 ملین ڈالر دینے والا کیسے صادق و امین اور صاف شفاف  ہو سکتا ہے، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سوشل میڈیاپر  شہدا سے متعلق تضحیک آمیز ٹرینڈز چلائے، عمران خان کے منہ سےکسی نے  نہیں سنا کہ شہباز گل  نےجو کہاوہ غلط ہے، تحقیقات جاری ہیں جو بھی جرم میں ملوث ہوااسے قانون کے مطابق سزا ملے گی، عمران خان لاہورمیں کھیل کامیدان تباہ کرنے کی بجائے جلسےکے لئے کوئی اور جگہ چن لیں۔

 جمعرات کو  پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاکہ ملک 75 ویں سالگرہ منانے جارہا ہے عمران خان نے کل قوم سے خطاب کیا ، توقع تھی کہ وہ امن اور ترقی کی بات کریں گے اور لوگوں کو امید دلائیں گے لیکن انہوں نے ایسا کچھ نہیں کہا اور صرف سازش کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمرا ن خان بتائیں کہ کون ہے سازشی اور کون ان کے خلاف سازشیں کررہا ہے۔ ملک کو آزاد ہوئے 75 سال ہو گئے ہیں عمران خان کو آج تک اپنے آزاد ہونے کا یقین نہیں آرہا ۔ وہ غلام غلام  کی رٹ لگائے ہوئے ہیں، خان صاحب ہمارا ملک آزاد ہے، جو آپ کے ساتھ میچ فکسنگ نہ کرے آپ اسے سازشی سمجھتے ہیں۔

وزیرمملکت برائےپٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ عارف نقوی دنیا میں معاشی جرائم اور منی لانڈرنگ  کے سب سےبڑے کیس کامرکزی کردار ہے۔ عمران خان نے بل گیٹس کے پیسے کا ذکر کیا لیکن یہ نہیں بتایاکہ بل گیٹس کے چندے کے پیسے چوری کئے ہیں اور اسے اس جرم میں امریکا میں 290 سال کی سزا ہونے جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ  عمران خان  ملک ریاض کو دوسرا رئزنگ  سٹار کہتے ہیں ایک نے امریکا میں جرم کیا دوسرے نے لندن میں ۔ ملک ریاض کے 250 ملین ڈالر لندن میں پکڑے گئے لیکن 450 کنال زمین تحفے میں لے کر عمران خان نے اسے کابینہ سے فیصلہ کرا کے 250 ملین ڈالر کا فائدہ دلوایا جو پیسے حکومت پاکستان کو ملنے تھے وہ ملک ریاض کو دے دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ  عارف نقوی سے 3 ملین پائونڈ لےکر ایک ارب ڈالر کاایک تحفہ دےدیااور کے الیکٹرک نےخریداری کے وقت کراچی میں بجلی کی پیداوار کے لئے جو بجلی گھر لگانا تھا اسے ختم کرادیا اور ساتھ ہی اضافہ بجلی بھی کے الیکٹرک کو دے دی۔ چاہے ملک میں جتنی بھی لوڈ شیڈنگ ہو جائے اس کا عمران خان کو خیال نہیں تھا۔ کیااس میں چوری اورسازش نظر نہیں آئی۔

 مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں اداروں سے لڑایاجارہاہے حالانکہ سوشل میڈیا پر  اس سے متعلق تضحیک آمیز ٹرینڈ چلانے والے تحریک انصاف کے کارکن تھے اور  کئی دن تک  یہ ٹرینڈز چلائے جاتے رہے کم از کم شہدا کا احترام کیاہوتا جنہوں نے اپنے ملک کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں  نے کہاکہ شہباز گل جو اپنے آپ کو عمران خان کا چیف آف سٹاف کہلواتا ہے بغاوت پراکسانے سے متعلق اس کا بیان بالکل واضح ہے، ہم سمجھ رہےتھے کہ عمران خان اس کے بیان سے لاتعلقی کا اظہارکریں گے لیکن ایساکچھ نہیں کیا اور کسی نےعمران خان کے منہ سے یہ نہیں سنا کہ شہبازگل نےجو کہاہے وہ غلط ہے۔ اس سےپہلے سقوط ڈھاکہ سے متعلق عمران خان کے بیانات موجودہیں ۔بھارت اور امریکا میں جاکر وہ جو کچھ کہتے رہے ہیں وہ سب کو پتہ ہے۔

وزیرمملکت برائےپٹرولیم مصدق ملک  نے کہا کہ عمران خان   ملک ریاض کے جہاز پر بیٹھ کر مودی سے ملنے  جائیں ، ملاقات کے لئے انتظار کرتے رہے ، امریکا میں ٹرمپ کے ساتھ کشمیر کی سوداگری کرکے آئے  ہیں۔ امریکی صدر کے فون کا انتظار کرتے رہے ہیں تو وہ وفا دار ہیں اور ہم غدارقرار دیئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ  عمران خان دوسروں کو چور اور اپنے آپ کو صادق اور امین کہتے ہیںِ۔  لوگوں کو سول نافرمانی پراکسانے والا  اور مار دھاڑ کی باتیں کرنےوالااپنے آپ کو صاف شفاف کہتا ہے ۔