موٹروے پولیس کی بروقت کاروائی، گمشدہ لڑکے گھر والوں سے ملوا دیئے،ڈی آئی جی کا آفیسران کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان

12

ملتان،25اگست(اے پی پی):موٹروے پولیس کی بروقت کاروائی گمشدہ لڑکے گھر والوں سے ملوا دیے،ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید نےآفیسران کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر عمران حیدر اور فوٹوگرافر محمد اعجاز ٹائم سلپ/ ویک اپ پوائنٹ پر ڈیوٹی پر مامور تھے۔ رات 01 بجکر 25 منٹ پر آزاد کشمیر کمپنی کی بس BSB-470 جو کہ مانسہرہ سے کوئٹہ جارہی تھی کو چیک کیا گیا جس میں دو لڑکے اویس اور مصطفیٰ جنکی عمر 15 سال تھی، سفر کر رہے تھے۔ جن سے شک ہونے پر سفر کی وجہ دریافت کی گئی مگر وہ سفر کرنے کی وجہ نا بتا سکے جس کی اطلاع ڈی ایس پی بیٹ 23 مسرور علی کو دی گئی جس پر ڈی ایس پی  مسرور علی فوراً ٹائم سلپ/ ویک اپ پوائنٹ پر پہنچ گئے۔ دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ دونوں لڑکوں کا تعلق پشاور سے ہے اور دونوں گھر سے مفرور ہیں اور ان کے پاس 70,000 روپے نقدی بھی ہے گمشدہ لڑکوں کے والدین کو بذریعہ موبائل فون اطلاع دی گئی جس پر وہ انہیں لینے کے لیے پشاور سے چل پڑے۔ لڑکوں کو کیمپ لایا گیا اور انہیں کھانا کھلایا گیا اور بعد ازاں والدین کے آنے پر انکے حوالے کر دیا گیا اور 70,000 روپے نقدی بھی والدین کے حوالے کر دی ۔ والدین بچوں کی گمشدگی پر شدید کرب میں مبتلا تھے، بچوں کو دیکھتے ہی بہت خوش ہوئے اور موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور آفیسران کو دعائیں دی۔

ڈی ایس پی مسرور علی نے والدین کو بچوں کا خیال رکھنے اور انکی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی اور بچوں کو بھی والدین کا حکم ماننے اور مستقبل پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل شاہد جاوید اور سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے اس شاندار کارکردگی پر دونوں آفیسران کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا اور تمام آفیسران کو ایسے ہی لگن سے ڈیوٹی سر انجام دینے کی ہدایت کی۔