نارووال، 28 اگست( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر نارووال شاھدفرید کی زیر قیادت ضلع بھر کے مخیر حضرات کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے آٹا،گھی،چینی،نمک مرچ،اور دالوں پر مشتمل 1000 فوڈ ہیمپرز،کھجوروں،کپڑوں اور جوتوں کے 3 ٹرک راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کی ضلعی انتظامیہ کے ذریعے زیادہ تباہی کے شکار علاقوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ ضلع بھر کی عوام اور مخیر حضرات سے پرزور اپیل ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے صدقات و عطیات صحیح حقداروں تک پہنچانے کی بابت ضلعی انتظامیہ کے ذریعے متاثرہ اضلاع میں کام کرنے والی حکومتی مشینری تک پہنچائیں تاکہ آپ کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد بھرپور دیانتداری اور حفاظت کے ساتھ حقداروں تک پہنچ سکے۔اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوجویریہ مقبول نے گزشتہ شب 2 ٹرک روانہ کیے۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ متاثرین سیلاب کی امدادکے لئے ڈپٹی کمشنرکی زیرنگرانی سامان بجھوانے کاسلسلہ جاری ہےاورانشاء اللہ مزید امدادی سامان جلدہی روانہ کیاجائےگا۔