لاہور، یکم اگست ( اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت 12 کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا،خواتین کے کھیلوں کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے،ہماری کوشش ہے کہ ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کو بحال کریں تاکہ کھلاڑیوں کو روزگار مل سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم یوتھ پروگرام ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس لیگ کی لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شزہ فاطمہ نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام 2013 میں بطور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے شروع کیا اور اب وزیر اعظم بنتے ہی میاں شہباز شریف نے یوتھ پروگرام کو آگے بڑھانے کا تہیا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دیکھنے میں آیا ہے کہ جب بھی کسی کھیل کا کوئی بھی میچ ہوتا ہے تو پوری قوم یکجا ہوجاتی ہے اور کھیل قوم کو ایک لڑی کی طرح پرو دیتا ہے اس لیے کوشش کر رہے ہیں کہ ڈیپارٹمنٹ کو بحال کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو نوکریاں ملیں ،ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور تمام سٹیک ہولڈرز سے مل کر ایک حکمت عملی بنائیں گے تاکہ ہماری قوم کا ٹیلنٹ قومی ٹیم میں جا سکے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ نے کہا کہ ماضی کی طرح کھیلوں میں میڈل لیکر پاکستان کا نام روشن کرنے کی عادت دوبارہ شروع کرنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ بحال کرسکیں۔ انھوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ سکول لیول سے سپورٹس ایکٹویٹی شروع کریں ۔انہوں نے بتایا کہ پندرہ اگست سے سندھ اور پنجاب سے ٹرائل شروع کر دیں گےچاروں صوبوں کے پانچ ڈویژن میں ٹرائل ہوں گے۔پنجاب میں لاہور ،سیالکوٹ ،فیصل آباد ،پنڈی ،ملتان میں بچے ٹرائل دے سکیں گے نوجوان یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔











