وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کی ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات، تجارتی اور ثقافتی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

15

اسلام آباد،22اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے منگل کو پاکستان میں ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی  سے  ملاقات کی جس دوران  دوطرفہ تعلقات، تجارتی اور ثقافتی تعاون، انسانی وسائل، ایران   میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور قید پاکستانیوں کی رہائی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات  میں پاکستانی زائرین کو درپیش مسائل اور سہولیات پر بات چیت کی گئی اور مسائل کے حل کے لئے مختلف آپشنز زیر بحث لائے گئے۔

 ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے ساجد حسین طوری کو وفاقی وزیر کا عہدہ سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور سفارتخانے پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ ایرانی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے ساجد حسین طوری نے کہا کہ ایران اور پاکستان کا تاریخی، روحانی، برادرانہ اور ثقافتی رشتہ گہرا اور لازوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اظہار کیا کہ  پاک ایران دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

 وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ اربعین امام حسین علیہ السلام پر لاکھوں زائرین براستہ ایران عراق جاتے ہیں جن کو مختلف مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے ایرانی سفیر سے کہا کہ پاکستانی زائرین کو ڈبل انٹری ویزہ کی منظوری دی جائے تاکہ وہ عراق سے واپسی پر آسانی سے ایران میں داخل ہو سکے۔

 ایرانی سفیر نے کہا کہ ان تمام زائرین جنکا عراقی ویزہ لگا ہو انکو ایرانی ویزہ دیا جائیگا تاکہ انکو ایران عراق سرحد پر کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا کہ زیادہ تر غریب لوگ زمینی راستوں سے زیارات مشہد مقدس اور کربلائی معٰلی جاتے ہیں جنکے لئے مہران اور دیگر پاک ایران سرحدات کھل دی جائیں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ زائرین کو زمینی راستوں پر سہولیات اور پاکستانی بسوں کے داخلے کی اجازت دی جائے۔

ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا کہ ایران میں زائرین کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے اور ان کی ہر ممکن خدمت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی زائرین کے قافلوں کو مہران بارڈر و دیگر بارڈرز پر انٹری دی جا رہی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ زائرین کی خدمت کے لئے زمینی راستوں پر جگہ جگہ تمام سہولیات کیساتھ سرائے قائم کئے گئے ہیں جہاں وہ رات کو قیام بھی کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے ایرانی سفیر سے معمولی جرائم میں ملوث پاکستانیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا جس پر انہوں نے کہا کہ معمولی جرائم میں ملوث پاکستانیوں کو جلد رہا کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے ایرانی سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر ایران لے جانے والے ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔