ٹریننگ کورسز افسران کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، کمشنر عامر خٹک

5

ملتان،25 اگست(اے پی پی):کمشنر عامر خٹک نے کہا ٹریننگ کورسز افسران کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور کیرئیر کے دوران ایمانداری سے کام کرنا ہی افسران کا طرہ امتیاز ہے اور کہا کہ ڈویژن کی ترقی و خوشحالی کےلئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے کی ثقافت اور کلچر کو اجاگر کرنا بہت ضروری ہے،فنکاروں، ادیبوں، شاعروں کی مالی معاونت کرنے بارے بھی پالیسی مرتب کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر عامر خٹک نے 31ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مقامی پراڈکس کی بیرون ملک ترسیل کو ترجیح دینا ہوگی اور ملکی ترقی کے لئے گراس روٹ لیول کے منصوبے بنانے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے  کہا سیوریج پانی کے ٹریٹمنٹ کے لئے حکومت پنجاب سے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے بارے سفارش کی ہے،سیوریج سے متعلق مسائل کا حل،صاف پانی تک عوام کی سہل رسائی اولین ترجیح ہے اور کہا ملتان تاریخی شہر،ترقی کیلئے سیوریج کے مسائل کو حل کرنا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشتر 2 کی او پی ڈی امسال آخر میں فعال کردی جائے گی ۔

عامر خٹک نے کہا انتظامیہ کومختلف چیلنجز کا سامنا ہے،ا اداروں کی استعداد کار بڑھاتے ہوئے عوامی مسائل کو ہر ممکن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور کہا کمشنر  آفس کے دروازے ہر شہری کےلئے کھلے ہیں۔