ٹنڈو محمد خان،28اگست(اے پی پی ): مون سون بارشیں بند ہونے کے چار روز بعد بھی ٹنڈو محمد خان میں حالات معمول پر نہیں آسکے ہیں ، کئی علاقے اب بھی زیر آب ہیں۔ اپنے گھروں سے محروم برسات متاثرین آج بھی امداد کی امید لگائے بیٹھے ہیں، سماجی تنظیموں و مخیر افراد اپنی مدد آپ کے تحت خیمے و کھانا فراہم کررہے ہیں۔
برسات متاثرین قربان، ساجن، علی نواز سمیت دیگر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت اورمعروف سماجی تنظیموں سے راشن و ادویات فراہمی کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے باعث ٹنڈو محمد خان کی ہزاروں ایکڑ پر کھڑی کپاس، چاول، ٹماٹر، پیاز، بھنڈی، سمیت دیگر فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں، شہری و دیہی علاقوں میں تاحال تین سے چار فٹ پانی موجود ہے۔