پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف،سرباز خان اورنائیلہ کیانی 8068 بلندچوٹی گشربرم-1 کوسرکر لیا

2

اسلام آباد، 12 اگست  (اے پی پی ):پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف،سربازخان اورنائیلہ کیانی کا شاندار کارنامہ،تینوں کوہ پیماؤں نے12 اگست 2022ء کو  8068 بلند چوٹی گشربرم-1 کو سر کر لیا۔شہروزکاشف8 ہزار میٹر سے بلند 10 چوٹیاں سرکرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے،شہروز کاشف نے دنیا کی 11ویں بلند ترین چوٹی 8068 میٹر بلند گشربرم-1 کو سر کیا ہے،کاشف نے یہ کارنامہ صبح 4 بج کر 09 منٹ پر انجام دیا۔

سرباز نے پاکستان اورنیپال میں  8 ہزار میٹر سے بلند تمام 12 چوٹیاں سر کرلیں،سرباز نے 8068 میٹر بلند چوٹی گشربرم-1 صبح 7 بج کر 30 منٹ پر سر کی،سرباز خان اس سے قبل ماؤنٹ ایورسٹ،  نانگا پربت ، K-2، براڈ پیک بھی سر کر چکے ہیں۔

نائیلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 3 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی خاتون بن گئیں، نائیلہ نے گشربرم-1 چوٹی صبح 7 بج کر 45 منٹ پر سر کی۔ نائیلہ نے اس سے قبل دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی K-2 اور 13ویں بلند ترین چوٹی گشربرم-2 کو سر کیا تھا۔