اوکاڑہ،13اگست (اے پی پی ): ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی نے کہا ہے کہ جشن آزادی تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم نے وطن عزیز کی حفاظت، عزت وقار، سلامتی اور ترقی کے لئے یک سو ہو کر محنت کرنی ہے، پاکستان کاسنہرا مستقبل نوجوانوں نسل سے جڑاہواہے، نوجوانوں نے اپنی محنت،ہمت اور قابلیت سے وطن عزیز کے لئے عزت کمانا ہے، جشن آزادی کی تقاریب میں نوجوانوں کی شمو لیت اس بات کی غمازی ہے کہ آج کے نوجوان مملکت خداداد کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیارہیں۔
ان خیالا ت کا اظہار ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی نے آرٹس کونسل اوکاڑہ میں یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ کے طلبا وطالبات کی جانب سے جشن آزادی کے سلسلہ میں پینٹنگ کے مقابلہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائر یکٹر آرٹس کونسل حماد احمدچیمہ،پروفیسر ہادیہ نے بھی طالبعلموں کی جانب سے جشن آزادی کے سلسلہ میں ہونے والی تقاریب میں حصہ لینے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔
ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کی حفاظت اور اپنے ملک کی سلامتی اور خود مختاری اور وقار کے لئے ہمیشہ سے مصروف عمل رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کی سلامتی اور خود مختاری کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔
بعد ازاں ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی نے پینٹنگ مقابلہ میں حصہ لینے والے طالبعلموں میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔