اسلام آباد، 12 اگست (اے پی پی ): پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کے قیام کے 75سال مکمل ہونے پر ڈائمند جوبلی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی ہدایت پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کے 75 سال مکمل ہونے پر دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی منائی جارہی ہے۔ ڈائمنڈ جوبلی کا موضوع ٍٍ’’میرا پارلیمان، رہبرترقی و کمال‘‘ ہے ۔
ڈائمنڈ جوبلی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے 10 سے 14 اگست 2022ء تک پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف تقریبات کے انعقاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں 10اگست، 1947 کو ایک منفرد حیثیت حاصل ہے کیونکہ اس دن پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا ۔
ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا آغاز 10 اگست کو تصویری نمائش جس کا موضوع “ترجمان ماضی شان حال ‘” پارلیمانی تاریخ سے متعلق نامور مصوروں کے فن پاروں کی نمائش جس کا موضوع “پاک سر زمین شاد باد” اور پارلیمانی تاریخ سے متعلق کتب کی نمائش جس کا موضوع ” قوم ملک، سلطنت” ہے کے افتتاح سے ہوا۔
ان نمائشوں میں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، پارلیمان اور آئین کی بالادستی کے لیے اراکین پارلیمنٹ کی کاوشوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پارلیمنٹ ہاوس میں قائد اعظم محمد علی جناح، پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان سمیت پاکستان کے سابق وزرائے اعظم ،سابق صدور اور غیر ملکی سربراہان مملکت کے پارلیمان سے خطابات اور پارلیمانی تاریخ جس کا موضوع ” ترجمان ماضی شان حال” کو ایس ایم ڈیز (SMDs)پر دکھایا جائے گا۔