پاکپتن،04 اگست (اے پی پی ): بر صغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ کے 780ویں سالانہ عرس کی پندرہ روزہ تقریبات جاری ہیں۔سجادہ نشیں درگاہ بابا فرید دیوان مودود مسعود چشتی فاروقی نے دیوان فیملی کے ہمراہ عرس کی سب سے بڑی رسم بہشتی دروازہ کی قفل کشائی کی ،زائرین کی بڑی تعداد بہشتی دروازے سے گزرنے کی سعادت حاصل کر رہی ہے۔
محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے زائرین کے لئیے لنگر،پانی،میڈیکل کیمپ سمیت دیگر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔بہشتی دروازہ دس محرم کی صبح فجر سے پہلے ایک سال کیلئے بند کردیا جائے گا۔مزار کا نوری دروازہ بھی شہدائے کربلاء کے سوگ میں چالیس روز کے لئیے بند کر دیا جائے گا تاہم علامتی رسومات جاری رہیں گی۔
پولیس کے جانب سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئےہیں۔زائرین کو سخت چیکنگ کے بعد درگاہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے۔سیکیورٹی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی درگاہ کے چاروں اطراف کی مانیٹرنگ جاری ہے۔