پاک فوج نے ضلع میرپورخاص میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد ریسکیو کا عمل شروع کردیا ،لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا جا رہا

12

سکھر،23اگست(اے پی پی ): پاک فوج اور  ان کے ذیلی اداروں نے ضلع میرپورخاص میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد ریسکیو کا عمل شروع کردیا ہے ۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق میرپورخاص کی تحصیل جھڈو کی یونین کونسل روشن آباد اور دیگر علاقوں میں پاک فوج نے ریسكیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بارش متاثرین كو ریسكیو کرنے کے لئے پاکستان نیوی اور میرینز نے کشتیاں چلائی ہیں۔

گاؤں سائیں داد علیانی اور دیگر علاقوں میں پاکستان نیوی اور میرینز کے ہمراء رکن قومی اسمبلی میر منور علی خان ٹالپور، ایم پی ای میر طارق ٹالپور، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین اور اسسٹنٹ کمشنر جھڈو بھی ساتھ ہیں۔  کشتیوں میں رلیف کا سامان،  ٹینٹ اور راشن لیکر متاثرین تک پہنچایا جا رہا ہے جبکہ کشتیوں کے ذریعے ڈیڑھ کلو میٹر دور پھنسے ہوئے لوگوں کومحفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔

 متعلقہ  حکام کے مطابق تقریباً 150 سے 200 مكانات منہدم ہوئے  ہیں جن میں مقامی لوگ پانی میں پھنسے ہوئے ہیں،ان كو ریسكیو کرنے کے لئے کشتیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔