پولیو کا خاتمہ ہمارا عزم ہے، والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین ضرور پلوائیں؛ ڈپٹی کمشنر بہاولنگر محمد وسیم 

3

بہاولنگر،17 اگست ( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم  نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا عزم ہے،والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین پلوائیں اور 22اگست سے 26اگست کے دوران انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ اجلاس کی صدارت  کرتے ہوئے کیس ۔انہوں نے کہا کہ 22اگست سے 26 اگست  کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی  جبکہ کیچ اپ ایکٹویٹی 25اور 26اگست تک کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں   پانچ سال تک کی عمر کے(579533)  پانچ لاکھ اناسی  ہزار پانچ سو تینتیس بچوں کو  پولیو کی حفاظتی ویکسین دی جائے گی،اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر ضلع بھر میں 2786ٹیمیں  فرائض سرانجام دیں گی جن میں  136فکس ،  2562موبائل اور 88ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔

 بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے گذشتہ پولیو کمپین میں اچھی کارکردگی کے حامل نیوٹریشن سپروائزرز میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کی ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر، سی ای او ہیلتھ  ڈاکٹر سلیم اکبر لغاری  محکمہ صحت کے افسران ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ اور دیگر محکموں کےافسران موجود تھے۔