چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کا کوئٹہ شہر کا دورہ،کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیا

18

کوئٹہ، 17 اگست (اے پی پی): چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کوئٹہ شہر کا دورہ کیا اور کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت انسکمب روڈ، سریاب روڈ، سبزل روڈ، جوائنٹ روڈ توسیعی منصوبوں سمیت ڈوپلمنٹ پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔

چیف سیکرٹری نے  ویسٹرن بائی پاس اور کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ  ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ تمام حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے اور یوٹیلیٹی سروس لائنوں کی جلد از جلد منتقلی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں پر کام بلا تعطل جاری رہے تاکہ مقررہ مدت میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

 چیف سیکرٹری نے درپیش مسائل کو جلد حل کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی ۔انہوں نے کہا کہ سبزل روڈ پر یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے،ٹریفک کے مسائل کے حل اور شہریوں کی سہولت کے لئے موجودہ منصوبےنہایت اہمیت کے حامل ہیں  جبکہ کوئٹہ شہر کی بہتری، ان کی بروقت تکمیل سے کوئٹہ ایک جدید خوبصورت اور ترقی یافتہ شہر بن جائے گا۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ دوستین خان جمالدینی کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمن بلوچ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ و دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔