ڈپٹی کمشنر کا سبزی وپھلوں کی منڈی کا دورہ،مارکیٹ کمیٹی حکام بازاروں میں روزانہ استعمال کی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنائیں،سید موسیٰ رضا

9

رحیم یار خان،30اگست (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ  مارکیٹ کمیٹی حکام بازاروں میں روزانہ استعمال کی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور بولی کے بعد فوری طور پر قیمتوں کی فہرستوں کے اجرا کو یقینی بنائیں،سبزی و پھل منڈی میں اجناس کی مقرر کردہ قیمتوں سے زائد فروخت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبزی و پھلوں کی منڈی کا دورہ  کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے دورے کے دوران مختلف شیڈز پر سبزیوں اور پھلوں کی بولی کےعمل کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر مارکیٹ کمیٹی حکام، انجمن آڑھتیا ں کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر نے تھوک کے لئے منڈی میں دستیاب پھلوں اور سبزیوں کے معیار کی جانچ کی اورخریداروں اور فروخت کنندگان سے بات چیت  بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اشیاء کی خود ساختہ قلت، ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا،ضلعی انتظامیہ روزانہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں پر قابو پانے میں سنجیدہ ہے،اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں اور کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں اشیاء کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائیں  اور اپنی موجودگی میں سبزی و پھلوں کی نیلامی کا عمل انجام دیں۔

اس موقع پر آڑھتی عہدیداران نے کہا کہ ملک میں بارشوں اور سیلاب کے باعث سبزی کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ،شاہرات کی بندش کے باعث پیاز و ٹماٹر کی قلت ہے بلوچستان سے  سپلائی نہیں آ رہی۔