ملتان،3اگست(اے پی پی ): نامورماہرتعلیم پروفیسراعظم حسین نے کہا ہے کہ معصوم کشمیریوں پر مظالم دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں، بھارتی حکومت کی جانب سے 5 اگست کےغیراخلاقی و غیر انسانی رویئے کی بدولت کشمیری قابل رحم زندگی گزار رہے ہیں، کشمیریوں کو بغیر کسی وجہ کے شہید کیا جا رہاہے جو قابل مذمت ہے ۔
یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر اعظم نے کہا کہ کشمیریوں کوان کا قانونی،پیدائشی اورجائز استصواب رائے کا حق سیکورٹی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق ملناچاہئے۔پاکستان ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اورسیاسی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی ہمیشہ مذمت کرتا رہے گا۔بے گناہ اور معصوم کشمیریوں پرمودی حکومت کے مظالم بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو کشمیریوں کے خلاف ہونے والے مظالم پر آواز اٹھانی چایئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو کشمیر سمیت تمام مسائل کا مستقل حل بات چیت کے ذریعے نکالنا چاہئے۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہےپاکستان کشمیریوں کی حمایت سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔











