نارووال،21اگست( اے پی پی): ڈپٹی کمشنرشاہدفرید نےکہا ہے کہ پنجاب بھرکی طرح ضلع نارووال میں بھی کل سے ڈینگی ویک بھرپور طریقے سےمنایاجائے گا،ڈینگی کاخاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں،ڈینگی سرویلینس میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں۔
انہوں نے یہ ہدایت چارنکاتی ایجنڈے(ڈینگی،پولیو،پولی تھین بیگزاورعوامی خدمت)کے تحت منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ڈپٹی کمشنرشاہدفرید نےکہا کہ افسران اپناقبلہ درست کریں،کاغذی کاروئی نہیں بلکہ عملی طورپرکام کرناہوگا،کام کرنے والے افسران ہی ضلع میں رہیں گے،سست افسران کی ضلع میں ضرورت نہیں،ہرافسران اپنے محکمہ کاذمہ دارہوگا۔انہوں نے کہا کہ مون سون کے جاری سیزن میں ڈینگی کی افزائش کے خطرات موجود ہیں، لہذا دن رات ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری رہنے چاہیں۔
ڈپٹی کمشنرنارووال نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف انسدادی اقدامات میں کسی لمحہ بھی تعطل نہیں آنا چاہیے اور ٹائر شاپس، کباڑخانوں، زیر تعمیر عمارتوں،قبرستانوں اور دیگر ہاٹ سپاٹس کو بلاناغہ چیک کریں۔انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی مہم میں بھی تیزی لائی جائے اور شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کا احساس اجاگر رکھیں ہر محکمہ اپنا ڈیش بورڈ خود دیکھیں اور حقائق پر مبنی ڈیٹا ہی اپ لوڈ کریں۔
اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ڈینگی انچارج کنٹرول روم نے انسدادی اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرنارووال نے پولیومہم سمیت پولی تھین بیگزمہم کوکامیاب بنانے کے لئے بھرپورتعاون کی اپیل کے ساتھ ساتھ شہریوں کوزیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کویقینی بنانے کے لیے احکامات صادرکئے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزمحمدحنیف،جویریہ مقبول، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرخالدجاوید،فوکل پرسن ڈاکٹرمحمدطارق سمیت سماجی تنظیموں کے نمائندگان اوردیگر تمام محکموں کےافسران بھی موجود تھے۔