کوئٹہ؛ صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ ، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت

7

کوئٹہ، 22 اگست  (اے پی پی ): صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے ضلع قلات کے مختلف علاقوں کا  دورہ کرتے ہوئے بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پرگہرے دکھ اور  افسوس کا اظہار کیا۔

صوبائی مشیر داخلہ نے زرد عبداللہ ڈیم کا بھی دورہ کیا اور ڈیم میں  شگاف پڑنے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو متاثرہ ڈیم اور علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں فوری طور پر شروع کی جائیں ۔ انہوں نے انتظامیہ کو مزید ہدایت کی  کہ متاثرہ علاقوں میں رابطہ اور سڑکوں کی فوری بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور متاثرہ آبادیوں کو درکار امداد کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے تمام درکار وسائل فراہم کرے گی۔

حالیہ بارشوں کے پیش نظر مشیر داخلہ نے صوبے کے دیگر تمام اضلاع کی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ اور ریسکیو ادارے الرٹ رہیں ، سیلاب یا کسی بھی ناگہانی صورتحال کی صورت میں بروقت اور فوری امداد کی جائے۔