سکھر۔ 03 اگست(اے پی پی) سندھ کی معروف این جی او سرسو کی جانب سے کووڈ-19 ویکسینیشن سے رہ جانے والی آبادی کی نشاندھی، آگاہی مہم اورویکسینیشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت سندھ کے 7 اضلاع میں منتخب کردہ 70 یونین کونسلز کے لوگوں کی ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔
یہ ویکسینیشن این سی او سی کی منظور شدہ پالیسی کے تحت 12 سال سے زائد عمر والے افراد کو ویکسین کیا جا رہا ہے۔ یہ مہم دیہاتی آبادی کی ترقی اور غربت میں کمی لانے کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) کی جانب سے آرایس پی این کی شراکت کے ساتھ شروع کی گئی ہے۔
سرسوکے چیف ایگزیکٹو افیسر (سی ای او) سرسو محمد ڈتل کلہوڑو کے مطابق سرسو سندھ کے 7 اضلاع سکھر، خیرپور، شکار پور، نوشہرو فیروز، نواب شاہ، لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ کی منتخب کردہ یونین کونسلز میں 12 سال سے زائد عمر والی آبادی کو کووڈ-19 سے بچاو کے لئے کمیونٹی موبلائیزشن اینڈ ڈیمانڈ کریئشن فار کووڈ۔19 ویکسی نیشن کے نام سے مہم چلا رہی ہے۔ مہم کو کامیاب کرنے کے لئے سرسو کو سندھ حکومت کے محکمہ صحت کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ مہم کے تحت ان سات اضلاع کی منتخب یوسیز کی شہری کچی آبادی اور دیہاتی آبادی کے 12 سال سے زائد عمر کے بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو کووڈ19 سے بچاو کے لئے ویکسین کیا جائے گا۔ اس کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت سماجی تحرک، آگاہی کے ذریعے لوگوں میں احساس اور شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔
سرسو کی جانب سے جاری اس ویکسینیشن مہم کے لئے مقرر کردہ پروجیکٹ منیجر اکرم شیخ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس مہم کا مقصد سندھ کے ٹارگٹ سات اضلاع کے کم ویکسین کی گئی 70 یونین کونسلوں میں ویکسین نہ کی گئی آبادی کی نشاندہی کرنا اوران لوگوں میں ویکسین کرانے کا احساس پیدا کرنا ہے تاکہ وہ سندھ حکومت کے ویکسین مراکز سے خدمات حاصل کر سکیں۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے متعلقہ با اثر افراد، محکمہ تعلیم، صحت، تاجر برادری اور لوکل سپورٹ آرگنائزیشن سے مدد حاصل کی جا رہی ہے۔ اس مہم کی اہم سرگرمی منتخب علاقوں میں کووڈ ویکسین سے رہ جانے والے افراد کی نشاندھی کرنا، ان کو ویکسین کے لئے امادہ کرنا اور ویکسی نیشن مراکز کی طرف روانہ کرنا ہے۔ اس سلسلے میں اسکولوں، کالجز، مدارسہ، کارخانوں اور مارکیٹوں میں شعور بیدار کرنے کے سیشن منعقد کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرسو محکمہ صحت کے ساتھ مضبوط روابط کے تحت محکمہ صحت کی ٹیموں کو مختلف دیہاتی علاقوں، گوٹھ، مارکیٹوں، اسکولوں اور دیگرعلاقوں میں بھیجنا اور ویکسین کرانے کا کام بھی کر رہا ہے تاکہ ان علاقوں کی آبادی کو کووڈ بیماری سے مکمل طور پر محفوظ اور بچایا جا سکے۔











