ہری پور،20اگست(اے پی پی ):تربیلا ڈیم مکمل بھرگیا،58لاکھ 27 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کر لیا گیا،ڈیم میں اس وقت پانی کی سطح ایک ہزار 550 فٹ ہے
تربیلا ڈیم میں پانی کی وافر مقدار میں موجودگی ملک کے زرعی شعبے اور سستی پن بجلی کی پیداوار کیلئے نہایت خوش آئند ہے۔ 1974ء میں اپنی تکمیل سے آج تک تربیلا ڈیم پراجیکٹ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ اس پراجیکٹ سے زرعی مقاصد کے لئے پانی مہیا کیا جاتا ہے جبکہ سیلاب سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے اور نیشنل گرڈ کو سستی پن بجلی بھی فراہم کی جاتی ہے۔
تربیلا ڈیم میں قابل استعمال پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 58 لاکھ 26 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ تربیلا پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کا بھی سب سے بڑا پن بجلی گھر ہے۔
تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا پن بجلی گھر سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 888 میگاواٹ ہوچکی ہے جبکہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد یہ صلاحیت بڑھ کر 6 ہزار 418 میگا واٹ ہو جائے گی۔