ہری پور، 05 اگست(اے پی پی): یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ضلع ہری پور میں بھی احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ خانپور،غازی ہری پور میں ریلیوں کا انعقاد کرتے ہوئے مظلوم کشمیری بھائیوں سے بھرپور طریقے سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
غازی میں ریلی کا آغاز ٹی ایم اے آفس غازی سے ہوا اور رضوان شہید چوک میں اختتام پذیر ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح غازی میں بھی یوم استحصال کشمیر ڈے منایا گیا ہے۔ اے ڈی لوکل گورنمنٹ ہری پور سید حسنین کاظمی و تحصیلدار غازی صابر شاہ کی زیر قیادت مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس میں وی سی چیئرمینوں زبیر حیات،صفی اقبال، محمدنثار،قاسم خان،قاری نور حسین، ایس ایچ او غازی منیر خان ،صدر تربیلا پریس کلب غازی ملک فضل کریم،جنرل سیکرٹری شبیر احمد، وی سی سیکرٹریز،ثی ایم اے غازی کے سٹاف،محکمہ مال کے افسران،انجمن تاجران کے عہدیداروں و دیگر مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی ہے۔
اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے تین سال مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیری مظلوم بھائیوں سے بھرپور طریقے سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی طرف سے مظلوم کشمیری بھائیوں پر مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس مقبوضہ کشمیر کو حق خودارادیت دیا جائے۔