ملتان، 07 ستمبر (اے پی پی): وفاقی محتسب اعجاز احمد قر یشی کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی فوری مدد اور بحالی کے پروگرام کا جائزہ لینے کیلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وفاقی محتسب ملتان محمود خان نے لیہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اسسٹنٹ کمشنر اسد علی کے دفتر میں تمام وفاقی محکموں کے نمائندگان سے ملاقات کی اور سیلاب سے ہونے والے نقصان پر مکمل بریفنگ لی اور تمام وفاقی محکموں کو جلد از جلد تمام امدادی سرگرمیاں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر وفاقی محتسب ملتان محمود خان نے اس کے بعد سیلاب سے متاثرہ افراد میں راشن تقسیم کیا ۔ متاثرین سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کا دکھ بہت بڑا ہے جسے کم کرنے کے لئے وفاقی محتسب کا ادارہ ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر وفاقی محتسب ملتان محمود خان نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ بالخصوص اسسٹنٹ کمشنر لیہ اسد علی کو خراج تحسین پیش کیا، جو سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے دن رات ایک کر کے محنت کر رہے ہیں۔