انسداد ڈینگی کے لئے احتیاط اور ماہرین کی آراء کی روشنی میں محفوظ طرز زندگی سب سے اہم ہے، ڈپٹی کمشنر

3

اوکاڑہ23ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس کے انسداد کے لئے احتیاط اور ماہرین کی آراء کی روشنی میں محفوظ طرز زندگی جس میں صفائی ستھرائی گھروں محلوں کو صاف اور خشک رکھنا اور ہاوَس کیپنگ سب سے اہم ہے،گزشتہ دنوں ہونےو الی بارشوں کی وجہ سے مچھروں کی افزائش نے صورت حال کو گھمبیر کر دیاہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم کوشش کر کے انسداد ڈینگی ایس او پیز کی سو فیصد پیروی کریں تاکہ اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں اراکین کمیٹی اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

ڈسٹرکٹ انٹا مالوجسٹ محمد اقبال نے بتایا کہ ضلع اوکاڑہ میں اس وقت ڈینگی کے امپورٹڈ مریضوں کی تعداد 26 ہے جبکہ 1 مریض کی دوسرے شہروں میں سفر سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں ، ڈینگی کے امپورٹڈ مریضوں میں سے صرف 4 ہسپتال میں داخل ہیں جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت ضلع میں 586 ہاٹ سپاٹس ہیں جن کی نگرانی کی جا رہی ہے 42 لاروا پازیٹیو ساءٹس ہیں رواں ماہ میں 1 ہزار 506 افراد کو انسداد کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کئے جا چکے ہیں،54 کے خلاف مقدمات درج کروا کر 18 ہزار 500 روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے ،گزشتہ ہفتے میں 170 ڈی وی آرز کو 24 گھنٹے کے اندر اندر حل کیا گیا ہے اور  کہا کہ تمام محکمے انسداد ڈینگی ایس او پیز کی سو فیصد پیر وی کویقینی بنائیں لوگوں کو ڈینگی سے بچاوَ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق لگاتار آگاہی دی جائے ۔